وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس،پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور کیا گیا

51
APP69-111121 ISLAMABAD: November 11- Minister for Economic Affairs, Mr Omer Ayub Khan chairs a high-level meeting to discuss agenda of the upcoming meeting of Pakistan-Russia Intergovernmental Commission. APP

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان کی زیر صدارت جمعرات کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تجارت، اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی تعاون پر پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ پاک روس آئی جی سی کا 7واں اجلاس 24 تا 26 نومبر 2021 کو روس کے یکاترنبرگ میں منعقد ہوگا۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان اور مسٹر نکولے شولگینوف وزیر برائے توانائی روسی فیڈریشن بین الحکومتی کمیشن کے شریک چیئرمین ہوں گے۔ اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت تجارت، وزارت توانائی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

وزیر نے دسمبر 2019 میں اسلام آباد میں ہونے والے 6ویں آئی جی سی اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اقتصادی امور کے وزیر نے روسی فیڈریشن کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے پر زور دیا کیونکہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ شرکاء نے تجارت، کسٹم، توانائی، صنعت، زراعت، تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی، ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سمیت روس کے ساتھ تعاون کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں نجی شعبے کا کردار نمایاں ہے۔وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ آئی جی سی کے آئندہ اجلاس کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے انتہائی تعمیری اور مثبت بات چیت ہوگی۔ وزیر نے ترجیحات کی نشاندہی کرنے اور جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی جس میں دائرہ کار، ایکشن پلان، آؤٹ فٹ اور نتائج کے ساتھ ٹائم لائن بھی شامل ہے۔

وزیر نے کہا کہ خطے میں سماجی و اقتصادی تعلقات کو بڑھانے کے لیے علاقائی انضمام بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقائی روابط وسطی ایشیا، روس اور چین کے ساتھ خاطر خواہ اقتصادی فوائد کا باعث بن سکتے ہیں۔ قبل ازیں اقتصادی امور کے وزیر نے ڈبلیو بی کے فنڈ سے چلنے والے منصوبوں یعنی ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ فار پاکستان اور خیبر پاس اکنامک کوریڈور (کے پی ای سی) سے متعلق دو اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔

پاکستان کے لیے ہائر ایجوکیشن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا مقصد معیشت کے اسٹریٹجک شعبوں میں ریسرچ ایکسیلنس کو سپورٹ کرنا، پڑھائی اور سیکھنے میں بہتری لانا اور گورننس کو مضبوط بنانا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شائستہ سہیل نے وزیر کو منصوبے کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔

وزیر نے خیبر پاس اکنامک کوریڈور (کے پی ای سی) پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور حکومت خیبر پختونخوا کو ہدایت کی کہ وہ اس کی ڈیزائننگ اور کنٹریکٹ کے اجراء کو تیز رفتار بنیادوں پر کریں۔