وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران سے نیدرلینڈز کی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا

135

اسلام آباد۔19فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام سے پاکستان میں نیدرلینڈز کی سفیر ہینی فوکل دی ورائیس نے ملاقات کی۔بدھ کو یہاں جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان دوطرفہ اور تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدر لینڈز کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی وطن واپسی کے لیے پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پرنیدر لینڈز کی سفیر نے کہا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے طویل تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں 75 سالہ طویل شراکت داری جاری رکھنے کی خواہشمند ہے۔