وفاقی وزیر برائے امور کشمیر ا کا دریائے سوات میں سیاحوں کے بہنے کے افسوسناک واقعے پر اظہار افسوس

2

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و ریاستی و سرحدی علاقے انجینئر امیر مقام نے دریائے سوات میں سیاحوں کے بہنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دل خراش سانحہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے، جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔اپنے بیان میں انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگ کئی گھنٹے تک دریا کے بیچ میں مدد کے انتظار میں پھنسے رہے، مگر کوئی ریسکیو ٹیم موقع پر نہ پہنچ سکی۔

یہ واقعہ صوبائی حکومت کی مکمل ناکامی اور ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت پر وارننگ جاری نہ کرنا،بروقت ریسکیو کی عدم دستیابی اور متعلقہ مشینری و وسائل کا نہ ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو فوری امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرین کو ہر ممکن سہولیات و تعاون فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔