وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کی مالیت میں اضافہ کیلئے کمیٹی قائم کردی

96

اسلام آباد ۔ 29 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کی مالیت میں اضافہ کیلئے پیر کو کمیٹی قائم کی ہے۔ کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے حکام نے وزارت امور کشمیر میں اس حوالے سے ایک ملاقات کی ہے۔ وزارت کے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیٹی کشمیر کے اثاثہ جات کے بہتر استعمال کے حوالے سے انتظامی اور قانونی امور کا جائزہ لیکر تجاویز پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت مثبت طور پر اقدامات کر رہی ہے اور اداروں کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر نقصان سے نکالا جائے گا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ حکومت عوام کے معیار زندگی میں بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزارت کے تمام ذیلی اداروں میں گورننس کے معیار کی بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔ قبل ازیں اعلیٰ حکام نے کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی کے حوالے سے وفاقی وزیر کو تصیلات سے آگاہ کیا۔