اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور ریاستی و سرحدی علاقہ جات (سفران) انجینئر امیر مقام نے محنت کش طبقے کو ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزدور نہ صرف حکومت بلکہ معاشرے کے تمام متعلقہ طبقوں کی طرف سے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔
جمعرات کو محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم اپنے مزدوروں کی قربانیوں اور کامیابیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انجینئر امیر مقام نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت مزدوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ لیبر فورس ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ایک مضبوط اور خوشحال مزدور طبقہ ایک ترقی یافتہ اور خوشحال قوم کی صورت میں نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کا عالمی دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دہانی ہے بلکہ معاشی ترقی میں ان کے کردار کا اعتراف بھی ہے۔آئیے ہم مل کر، ایک ایسے مستقبل کی طرف بڑھیں جہاں ہر مزدور کی قدر اور عزت ہو اس کا مستقل محفوظ ٫ خوشیوں سے بھر پور ہو۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=590838