اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا اور پاکستانی قوم کشمیریوں کے ان کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی حمایت کا اظہار کرے گی۔ وفاقی وزیر نے کشمیر یکجہتی کے لئے تیسرے بین الوزارتی اور بین الصوبائی رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کشمیری شہید اور ہزاروں بھارتی جیلوں میں قید ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں بچے یتیم ہوگئے ہیں ۔کشمیری شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری قوم یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائے گی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہی ہے۔ انجینئر امیر مقام نے تمام پارلیمانی جماعتوں اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے کہا کہ وہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھر پورشرکت کریں تاکہ بھارت کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیر کاز پر متحد ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اس وقت تک سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر چیپٹر کے کنوینئر غلام محمد صفی، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر امور کشمیر وگلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی، پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر چوہدری انوار الحق، وفاقی سیکرٹری امور کشمیرو گلگت بلتستان علی طاہر، ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر وگلگت بلتستان کامران رحمان خان، جوائنٹ سیکرٹری حامد خان، جوائنٹ سیکرٹری آزاد کشمیر کونسل علی اکبر خٹک اور جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر خٹک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی آئندہ تقریبات کے حوالے سے جامع لائحہ عمل پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزارتوں، چاروں صوبائی حکومتوں بشمول آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان نے اجلاس کو یوم یکجہتی کشمیر کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔کنوینئر کل جماعتی حریت رہنما غلام محمد صفی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری شہداء کو تدفین سے قبل پاکستان کے پرچم میں لپیٹا جاتا ہے۔ انہوں نے کشمیری عوام کے بھارتی ناجائز قبضے کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سازشوں اور مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ مضبوط ہے اور وہ کبھی بھارت کے سامنے نہیں جھکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منانے پر پاکستان کے عوام اور حکومت سے اظہار تشکر کے لئے 6 فروری کو خصوصی تقریبات کا اہتمام کرے گی۔آزاد جموں و کشمیر کونسل میں منعقدہ اس اجلاس میں وزارت خارجہ، اطلاعات و نشریات، داخلہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام اور ایوی ایشن سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں کے سینئر حکام اور فوکل پرسنز نے شرکت کی۔
اسلام آباد پولیس، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، وزارت تعلیم، قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن اور کنٹونمنٹ بورڈ کے نمائندوں کے علاوہ اسلام آباد اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔چاروں صوبائی حکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے فوکل پرسنز نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک گیر سرگرمیوں کی منصوبہ بندی پر اپنا ان پٹ فراہم کرنے کے لئے اجلاس میں شرکت کی۔