اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ سے پاکستان میں یو این ایف پی اے کے نمائندے ڈاکٹر لوئے شبانے نے پیر کو یہاں وزارت انسانی حقوق کے دفتر میں ملاقات کی۔اس موقع پر سیکرٹری انسانی حقوق علی رضا بھٹہ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے آبادی کی منصوبہ بندی، معاشی ترقی پر اس کے اثرات، پاکستان میں صنفی مساوات، خواتین کے حقوق اور آبادی کی منصوبہ بندی اور ترقی کے لئے یو این ایف پی اے کے مینڈیٹ کے تحت تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری اور اس پر عمل درآمد کے لئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی میں ہم بہت پیچھے ہیں جو درحقیقت ملک میں وسائل کی قلت اور بہتر تخصیص کی کمی کی بڑی وجہ ہے۔ پاکستان آبادی کی بدانتظامی اور غیر متناسب اضافے کا شکار ملک ہے۔ اس موضوع پر مزید اقدامات، شعور، زیادہ فنڈز مختص کرنے اور قوانین کے مناسب نفاذ کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ہم خاص طور پر غیر سرکاری اداروں سے زیادہ تعاون کے منتظر ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی ایجنسیاں خاص طور پر انسانی حقوق کے شعبے میں پاکستان کے لئے بہت مددگار ثابت ہوئی ہیں۔ اگرچہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد آبادی کا کنٹرول صوبائی موضوع ہے لیکن وزارت انسانی حقوق خواتین اور بچوں کے حقوق سے متعلق بین الاقوامی ذمہ داریوں سے مسلسل نمٹ رہی ہے۔ ڈاکٹر شبانے نے ذکر کیا کہ یو این ایف پی اے ایک فعال پاکستانی خاتون کی بے مثال کوششوں سے ایک آزاد ایجنسی کے طور پر قائم ہوا تھا لیکن یہ بات مایوس کن ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے پر پاکستان کو عالمی سطح پر نیچے درجہ میں رکھا جاتا ہے۔
انہوں نے آبادی کے انتظام کے شعبے میں فوکسڈ مطالعہ اور پالیسی کی تشکیل میں مزید تعاون کی پیشکش کی۔ سیکرٹری انسانی حقوق نے نمائندےکو آگاہ کیا کہ وزارت خواتین کے حقوق کے بارے میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل پیرا ہے۔ ہم قومی اور بین الاقوامی دونوں فورمز پر باقاعدہ رپورٹنگ کر رہے ہیں۔ آگاہی اور قوانین کے مناسب نفاذ پر زیادہ خرچ کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے یو این ایف پی اے کی طرف سے نیک خواہشات اور تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایک ترقی پسند اور متحرک ملک ہے جہاں ہم بنیادی طور پر معیشت کے غیر رسمی شعبوں میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت رکھتے ہیں۔ اعداد و شمار جمع کرنے کے قابل اعتماد طریقوں کے ذریعے اعداد و شمار کو اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نےآبادی کے کنٹرول اور انتظام کے لئے تحقیق و مطالعہ میں مزید تعاون کے لئے عزم کا اعادہ کیا ۔