اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمیں کشمیر کے حوالے سے روائتی ڈپلومیسی سے آگے بڑھنا ہوگا، کشمیری ثقافت، شاعری، ان کی دردناک موسیقی کو دنیا بھر میں پھیلاکر مسئلہ کشمیر اجاگر کیا جاسکتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک بہترین بیانیہ پیش کیا جس کو دنیا بھر میں نہ صرف سراہا گیا بلکہ مودی کے شرمناک عزائم بھی بے نقاب ہوئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز وفاقی دارالحکومت کے مقامی ہوٹل میں "کشمیر آرٹ کے ذریعے” کے موضوع پر منعقدہ نمائش کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شیرین مزاری نے کہا کہ کسی بھی معاشرہ میں مسائل کو اجاگر کرنے اور تحریکوں کو کامیاب بنانے میں سول سوسائٹی کا بنیادی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی تحریک کو بھی دنیا بھر میں کامیاب بنانے دنیا بھر کی سول سوسائٹی نے اہم کردار ادا کیا اور یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات قائم ہونے پرکوئی بھی یورپین ملک واہ واہ نہیں کر رہا کیونکہ وہاں پر سول سوسائٹی بہت فعال ہیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک بہترین بیانیہ پیش کیا جس کو دنیا بھر میں نہ صرف سراہا گیا بلکہ مودی کے شرمناک عزائم بھی بے نقاب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں وزیراعظم کے اس پیغام کو آگے لے کر جانا ہے تاکہ کشمیریوں کو ان کی منزل تک پہنچایا جاسکے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ ہمیں کشمیر کے حوالے سے روایتی ڈپلومیسی سے آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا اور ہمیں کشمیری ثقافت، شاعری، ان کی دردناک موسیقی کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے تاکہ دنیا کے سامنے ان کا پیغام عام ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری وزارت کی طرف سے ڈیجیٹل فلم فیسٹیول جاری ہے جس میں پہلی فلم کشمیر کے حوالے سے وزارت کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی اور اس فلم کا نام فریاد تھا جس کو پانچ لاکھ افراد نے آن لائن دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیر کا مقدمہ لڑنے کیلئے نئے طریقہ کار اختیار کرنا ہوں گے تاکہ ہم معنی خیز انداز میں کشمیر کا بیانیہ اجاگر کرسکیں۔تقریب میں دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں 100سے زائد تصاویر کو رکھا جس میں کشمیر میں جاری لاک ڈاو¿ن کی منظرکشی کی گئی اور ان تصاویر کو ملک کے نامور مصوروں ،طالبعملوں اور دیگر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے تیار کیا۔اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کی شہہ رگ کشمیر میں بھارت نے لاک ڈاو¿ن کے جو حالات پیدا کردیے ہیں اس کو بے نقاب کرنے کے لیے آرٹ کے ذریعے اجاگر کرنا ایک بہترین ذریعہ ہے۔مقابلے میں فائضہ غنی نے پہلی ،سعدیہ عمر خیام نے دوسری اور زین العابدین تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر شیریں مزاری نے مقابلہ جیتنے والوں میں انعامات اور سرٹیفیکٹس تقسیم کئے۔