لاہور۔5 دسمبر(اے پی پی )وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے پیر کے روز کوٹ لکھپت جیل کا دورہ کیا اور وہاں موجود قیدیوں کے مسائل سنے۔ اس موقع پر کوٹ لکھپت جیل کے سینئر سپرنٹنڈنٹ اعجاز احمد نے وفاقی وزیر کو جیل میں موجود قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی و دیگر معاملات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں غیر ملکی قیدی بھی موجود ہیں جن کو پاکستان سے ان کے اپنے ممالک میں بھجوانے کیلئے سفری دستاویزات کیلئے وزارت انسانی حقوق کی مدد درکار ہے۔ غیر ملکی قیدیوں نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق نے غیر ملکی قیدیوں کو یقین دہانی کرائی کہ وزارت انسانی حقوق‘ وزارت داخلہ‘ وزارت خارجہ کے ساتھ معاونت کرکے غیر ملکی قیدیوں کو ان کے ممالک میں بھجوائے جانے کی کوششیں کی جائیں گی۔