وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد

64
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق کی چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد

لاہور۔24ستمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین کی ملک وسیاست کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے بعد گلبرگ میں ان کی رہائش گاہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ میں یہاں کسی بھی سیاسی ایجنڈے کے لیے نہیں اور نہ ہی ان سے سیاسی بات ہوئی ہے۔میں صرف چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کرنے آیا ہو ں ۔ان کی صحت بہت بہتر ہے ، دعا ہے کہ اللہ تعالی ان کو جلد مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔ خلیل جارج نے کہاکہ چوہدری شجاعت حسین ایک منجھے ہوئے اور دوراندیش بزرگ سیاستدان ہیں ملک و قوم کے لیے ان کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ نے سیاست میں ہمیشہ سیاسی عمل کو مقدم اور سیاسی کاز کو برقرار رکھا۔اس موقع پرچوہدری سالک حسین نے کہا کہ ہم مشکور ہیں کہ وفاقی وزیر انسانی حقوق نے ملک اور عوام کے مسائل کی بات کی ہے ملاقات میں بھی چوہدری شجاعت حسین نے بھی عوام کو درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔