اسلام آباد ۔ 15 اپریل۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی ) و ٹیلی کمیونیکشن ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی نمو پا رہی ہے اور مستقبل میں اس کو مزید وسعت حاصل ہو گی۔ وہ پیر کو ”ہواوے پاکستان موبائل سمٹ 2019ئ“ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ہواوے کو موبائل سمٹ کے انعقاد پر سراہا اورکہا کہ یہ سمٹ آئی سی ٹی ماہرین کو اس سیکٹر کو مزید فروغ اور ترقی کے حیرت انگیز مواقع فراہم کر ے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکشن بتدریج ترقی کے مراحل طے کر رہا ہے، آج انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم اپنی آباد ی کو ایک اثاثے میں تبدیل اور پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ متحرک، معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کے شعبہ کو عالمی سطح پر معیشتوں اور صلاحیتوں کے حوالہ سے اہم شعبوں میں ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی آج ابتدائی اور چھوٹے سے درمیانے سائز کے کاروباری ادارے ہمارا مستقبل ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سائبر سکیورٹی پالیسی وضع کی گئی ہے، اس سائبر سکیورٹی پالیسی کے تحت ایک اتھارٹی تشکیل دی جائے گی اور آئی ٹی کی تعلیم پر ایک ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ملک میں براڈ بینڈ کی رسائی کےلئے پرعزم ہے تاکہ ہر پاکستانی اس سے مستفید ہو سکے۔ انہوں نے پاکستان میں موبائل مینوفیکچر نگ کی ضرورت پر بھی زور دیا۔