وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری کا ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن لاہور کا دورہ

45

اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے جمعرات کو ایمپلائز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن لاہور کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ای او بی آئی کے سینئر افسران نے وزیر کو مختلف منصوبوں اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ای او بی آئی کا ریجن ساہیوال سے رحیم یار خان پر مشتمل ہے جہاں 14 ریجنل اور 7 فیلڈ آفیسرز کام کر رہے ہیں۔ افسران نے بتایا کہ بیمہ شدہ افراد کی کل تعداد 10لاکھ 92ہزار تین سو ہے جبکہ ایکٹو ملازمین کی تعداد 34263 ہے اور 10339 غیر فعال ہیں۔بریفنگ میں سٹاف کی کمی سے بھی آگاہ کیا گیاجس کی وجہ سے موجودہ سٹاف اور افسران پر کام کا بھاری بوجھ بھی ہے اور ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔

وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ مطلوبہ عملے اور افسران کی بھرتیوں کا عمل جلد شروع کیا جائے گا تاکہ عوامی خدمت ان کی توقعات کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کو مزید بہتر بنانے اور خدمات کو مزید فعال کرنے کے لیے سہولتی مراکز اور ون ونڈو آپریشن قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنشنرز میں بیداری پیدا کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہا کہ انہیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بزرگ پنشنرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بزرگ پنشنرز کے مسئلے سے بخوبی آگاہ ہیں اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اس مسئلے پر جلد بریفنگ دیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے راستہ نکالیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے بعد ریجنل کانفرنس بلائی جائے گی جس میں مجموعی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔

وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ ان کی وزارت بزرگ پنشنرز کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کے محنت کش اور مزدور طبقے کی نمائندگی کرتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود اس کے منشور میں سرفہرست ہے۔بعد ازاں وفاقی وزیر نے بہترین کارکردگی پر افسران میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔