اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان سے امریکہ کے انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن ( آئی ڈی ایف سی ) کے وفد نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔وفد کی سربراہی چیف کلائمیٹ آفیسر مسٹر جیک لیون کر رہے تھے۔ ڈپٹی چیف آف سٹاف پالیسی ناز الخطیب بھی وفد میں شامل تھے۔
آئی ڈی ایف سی کا پاکستان میں 450 ملین ڈالر کا سرمایہ کاری کا پورٹ فولیو ہے، سرمایہ کاری کا کافی حصہ قابل تجدید ذرائع میں ہے۔وفاقی وزیر بجلی نے وفد کو موجودہ حکومت کے سولر پراجیکٹس سے آگاہ کیا۔ وزیر نے ریمارکس دیئے کہ مستقبل کی توانائی پالیسی ان منصوبوں پر مبنی ہو گی جن میں تمام نئی بجلی کی پیداوار مقامی وسائل سے کی جائے، پالیسی کا مقصد ایندھن کی درآمد کو کم کرنا اور توانائی کے استعمال میں کفایت شعاری اپنانا ہے۔
وفد نے شمسی پالیسی کو سراہا اور اسے موسمیاتی تحفظات اور توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے لیے ایک بہترین حکمت عملی قرار دیا۔ آئی ڈی ایف سی قابل تجدید توانائی پر پاکستان کے ساتھ اپنے منصوبے جاری رکھے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=333643