اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):27 مارچ کو پاکستان تحریکِ انصاف کا ہونے والا اجتماع برائی کیخلاف منظم ہونے اور اچھائی کا دست و بازو بننے کے عہد کی علامت ہے، پوری قوم اچھائی کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی، انتشار کی کسی بھی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سیاسی میدان میں شکست خوردہ عناصر شکست دیکھ کر سازشوں اور شرانگیزی پر آمادہ نظر آ رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار منتظم مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریکِ انصاف زاہد حسین کاظمی نے مرکزی سیکرٹریٹ میں آئے مختلف وفود اور ذمہ داران سے ملاقات میں کیا۔
مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری علامیے کے مطابق منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے وفاقی وزیر برائے بحری امور و تحریک انصاف سندھ کے صدر علی حیدر زیدی سے ملاقات کی اور انکے والدِ مکرم کی رحلت پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے انکےاور بلندئ درجات کے لئے دعا کی۔
ملاقات میں زاہد حسین کاظمی نے وزیر بحری امور و تحریک انصاف سندھ جے صدر علی حیدر زیدی کو “امر بالمعروف ونہی عن المنکر“ جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اپنی گفتگو میں زاہد حسین کاظمی کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کے جلسے کی بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔
عوام کی جلسے میں تاریخی شمولیت کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں جس کیلئے خصوصی انتظامی کمیٹیاں نہایت سرگرم اور متحرک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی مقامی تنظیمیں مرکزی قیادت کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو متحرک کرنے جارہی ہیں جسکے لئے جامع منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہ کرپٹ سیاسی گروہ کی سازشوں خصوصاً وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدمِ اعتماد کی تحریک نے عوام میں شدید ردعمل کو جنم دیا ہے جس کے باعث قوم اپنے قائد کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے فوری باہر نکلنا چاہتی ہے۔