اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور، قیصر احمد شیخ نے ہفتہ کو کراچی کے تاریخی علاقے کھارادر میں واقع کھارادر جنرل اسپتال اور ایم بی جے اسکول آف نرسنگ کا خصوصی دورہ کیا۔ یہ دورہ معروف کاروباری اور فلاحی شخصیات بشیر جان محمد اور رشید جان محمد کی دعوت پر کیا گیا، جو شہر میں اپنے بے پناہ فلاحی کاموں کی بدولت جانے جاتے ہیں۔
وزارت بحری امور کی طرف سے یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق دورے کے دوران قیصر احمد شیخ نے اسپتال کی خدمات اور نرسنگ اسکول کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جان برادران کی بے لوث فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ بشیر جان محمد اور رشید جان محمد کی فلاحی سرگرمیاں انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال ہیں۔
ان کی کاوشیں معاشرتی ترقی اور انسانی بھلائی میں بے حد اہمیت کی حامل ہیں اور ان کا جذبہ بے لوثی و خدمت تمام لوگوں کے لیے مشعل راہ ہے۔اس موقع پر دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جن میں چیئرمین پی این ایس سی بورڈ سلطان چاولہ، ایف پی سی سی آئی کے اعلیٰ عہدیداران، زبیر طفیل، احمد چنائے، چیئرمین پورٹ قاسم اتھارٹی ریئر ایڈمرل (ر) سید حسن ناصر شاہ، اور جی ایم آپریشنز پی کیو اے ریئر ایڈمرل شاہد احمد شامل تھے۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے جان برادران کی جانب سے صحت اور تعلیم کے شعبے میں کی جانے والی خدمات کو نہایت اہم قرار دیا اور کہا کہ ان جیسے ادارے اور شخصیات معاشرتی بھلائی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے فلاحی اداروں کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوام کی فلاح و بہبود کے لئے لازمی ہیں ۔