23.8 C
Islamabad
ہفتہ, اپریل 19, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے چائنہ اوورسیز...

وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین پروفیسر یو بو نے ملاقات کی اور گوادر میں جدید (ایکواکلچر) آبی زراعت کی صنعت کے قیام کا تفصیلی بزنس پلان پیش کیا۔

اس موقع پر وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے اس منصوبے کو پاکستان کے ساحلی ترقی کے لئے ایک انقلابی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ گوادر کے سمندری وسائل کو بروئے کار لا کر اسے سمندری خوراک کی پیداوار، پراسیسنگ اور برآمدات کا اہم مرکز بنائے گا ، منصوبے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، سرمایہ کاری بڑھے گی اور مقامی معیشت مستحکم ہو گی۔وفاقی وزیر نے چائنہ کمپنی کی پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے جاری وابستگی کو سراہا اور حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ حکومت ان تمام منصوبوں کی مکمل حمایت کرتی ہے جو ساحلی علاقوں میں سرمایہ، ٹیکنالوجی اور روزگار لانے کا سبب بنیں۔وفاقی وزیر نے گوادر اور دیگر علاقوں میں صنعتی ترقی کے لئے بجلی، پینے کے صاف پانی اور سڑکوں کی بہتر سہولیات جیسا بنیادی انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ گوادر کا ساحل آبی زراعت کے منصوبوں کے لئے موزوں سمندری حالات اور بین الاقوامی منڈیوں سے قربت کی بدولت بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔

انہوں نے جدید معیار کے مطابق ہیچریز، سمندری خوراک کی پراسیسنگ اور پائیدار آبی زراعتی فارموں کی اہمیت پر زور دیا تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا طویل ساحلی علاقہ اور آبی زراعت کی صنعت کا قیام خوراک کے تحفظ اور برآمدات میں اضافے کے لئے کلیدی کردار ادا کرے گا۔فریقین نے متعلقہ حکومتی محکموں اور ماہرین کی مدد سے منصوبے کی مؤثر تکمیل کے لئے مشترکہ لائحہ عمل اور پالیسی فریم ورک تشکیل دینے پر اتفاق کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ شراکت داری پائیدار معاشی ترقی، ماحولیاتی ذمہ داری، اور علاقائی خوشحالی کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔وزارت بحری امور ایسے تمام کاروباری منصوبوں کا خیرمقدم کرتی ہے جو پاکستان کے طویل المدتی معاشی و ماحولیاتی اہداف سے ہم آہنگ ہوں، خصوصاً وہ منصوبے جو ساحلی اور سمندری وسائل کو مؤثر طور پر استعمال میں لائیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583508

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں