
اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اسلام آباد میں گذشتہ روز کریسن شرما کی سربراہی میں اقلیتی حقوق کے قومی لابنگ وفد سے ملاقات کی۔
اس موقع پروفاقی وزیر نے تمام صوبوں سے آئے ہوئے وفد میں اقلیتوں خصوصا ً خواتین کی نمائندگی اور انسانی حقوق کی سرگرمیوں میں وفد کی کاوشوں کو سراہا،وفد نے وفاقی وزیر سے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے اقدامات کرنے اور ملک میں اقلیتوں کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے اقلیتی برادریوں کو درپیش چیلنجوں، اقلیتی قوانین کے تاخیر سے ہونے والے قانون سازی کے عمل اور گھریلو تشدد اور زیر التواء عدالتی معاملات، ہندو اور عیسائی برادریوں میں شادی اور طلاق کے قانون سمیت اقلیتی خواتین کو درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ جس پروفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں قانون سازی میں خواتین کے کردار کو محدود رکھا گیا۔
اورانسانی حقوق کے معاملات ہر معاشرے میں پائے جاتے ہیں اور یہ کسی مخصوص برادری تک محدود نہیں ہیں اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور سول سوسائٹی کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ چونکہ سول سوسائٹی معاشرے کی بہتری کے لئے متحرک قوت کے طور پر نمودار ہوئی ہے۔آخر پر وفاقی وزیر نے وفد کے تمام شرکاء سے کہا کہ وہ وزارت بین الصوبائی رابطہ کو تحریری طور پر اپنی ضرورت کے خدشات اور تجاویز پیش کریں تاکہ ان سے متعلقہ وزارتوں کے ساتھ تبادلہ خیال اور آگے بڑھایا جاسکے۔