وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ اور ثقافت شفقت محمود سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات

86

اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، قومی ورثہ اور ثقافت شفقت محمود سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نےان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر قطر کے سفیر نے اپنے ملک کی جانب سے وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کو قطر فاؤنڈیشن کی طرف سے پاکستانی طلباء کے لیے اسلام آباد میں تعمیر کرنے کے لیے اعلیٰ معیاری پرائمری اسکول کی پیشکش کی ہے۔ سفیر نے کہا کہ قطر کا سفارت خانہ ان طلباء کواسکالرشپ بھی دے گا جن کے والدین فیس برداشت نہیں کر سکتے۔

قطر کی ریاست نے حماد بن خلیفہ یونیورسٹی میں پاکستانی طلباء کو مفت رہائش اور تنخواہ کے ساتھ ہر سال پانچ نشستوں کی پیشکش بھی کی ہے۔ گریجویشن مکمل ہونے پر ان پاکستانی طلباء کو قطر میں نوکری بھی دی جائے گی۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے ان پیشکشوں پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے قطر کی ریاست کے ساتھ انتہائی قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں اور ہمارے لیے یہ ضروری ہے کہ ہم تعلیم اور اسکولوں کے ذریعے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کریں۔

وفاقی وزیر نے عرب ریاست کے تعلیمی نظام کو بھی سراہا جس نے دنیا میں خوب نام کمایا ہے۔ انہوں نے عرب دنیا میں اب تک کے پہلے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر سفیر کو مبارکباد بھی پیش کی، جو 21 نومبر سے 18 دسمبر 2022 تک قطر میں منعقد ہوگا ۔ فریقین نے تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ہے۔