وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کا بورڈ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے دینی مدارس کے طلباء میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب

184

اسلام آباد ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کا قیام وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے، ملک میں تعلیمی تقسیم جیسی ناانصافی کو ختم کرنے کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں، یکساں تعلیمی نظام سے دینی مدارس کے طلباء علمائے کرام بننے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر شعبوں میں بھی جا سکیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو بورڈ کے امتحانات میں اعلیٰ پوزیشن حاصل کرنے والے دینی مدارس کے طلباء و طالبات میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کا قیام وزیراعظم عمران خان کا ویژن اور تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ ملک میں تین قسم کے نظام تعلیم سرکاری سکول، نجی سکول اور مدارس کام کر رہے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث تمام طلباء کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر نہیں آتے، یہ ایک بڑی ناانصافی ہے اور ہمیں اس ناانصافی کوختم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم کے لئے یکساں قومی نصاب تیار کیا جا رہا ہے جس کے لئے قومی نصاب کونسل قائم کی گئی ہے، آئندہ سال مارچ تک پرائمری کی سطح تک کا یکساں نصاب تیار کر لیا جائے گا، نصاب کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے اور سب سے زیادہ علمائے کرام سے مشاورت کے اجلاس ہوئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس عمل تمام کے نتیجے میں پہلی مرتبہ ایک اتفاق رائے ہوا کہ تمام دینی مدارس کے طلباء تعلیمی بورڈ کے تحت امتحانات دیں گے اس سے ان طلباء کو آم طلباء کی طرح سرٹیفکیٹ جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کا ایک خواب تھا کہ دینی مدارس کے طلباء کو آگے بڑھنے کا حق میسر آئے اس طر ح دینی مدارس کے طلباء علمائے کرام بننے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹرز، انجینئرز اور دیگر شعبوں میں بھی جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 35 ہزار سے زائد مدارس کام کر رہے ہیں۔ اس سے ان مدارس کے طلباء کو قومی دھارے میں لانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشرے میں پائی جانے والی تعلیمی ناانصافی کو ختم کرنے کے لئے ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس میں وقت لگے گا لیکن ایک وقت ایسا آئے گاکہ ملک کے تمام طلباء کو آگے بڑھنے کے یکساں موقع میسرآئیں گے۔