وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت پی ای ای ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

155
وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت پی ای ای ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت بدھ کو پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ (پی ای ای ایف )کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ فنڈز کا بھرپور استعمال کیا جائے ،وفاق قومی سطح پر کم ترقی یافتہ اضلاع پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔

انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ تمام صوبوں کے مستحق طلباء کو وظائف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی کچی آبادیاں ایک اعلیٰ مثال ہے جہاں حکومت کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پی ای ای ایف کے لئے تقریباً ایک بلین روپے سالانہ بجٹ کی منظوری دی ۔

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک کل وقتی سی ای او کی خدمات حاصل کی جائیں گی تاکہ ادارہ اپنی پوری صلاحیت سے کام کر سکے۔ بورڈ نے اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کہ تنظیم کے نتائج کو زیادہ سے زیادہ حاصل کرنے کے لئے قابل عملہ شامل کیا جائے، ایک جامع انسانی وسائل کی پالیسی وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

وفاقی وزیر نے امید ظاہر کی کہ پی ای ای ایف معاشرے کے نچلے طبقے کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام مستحق طلبا اپنے پس منظر سے قطع نظر تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہوں۔