اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم ہمیں قومی اسمبلی میں یہ قرارداد لانی چاہیے کہ ملک لوٹنے والوں کو معاف نہیں جائے گا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں بات کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ آصف علی زرداری کی بات کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ پاکستان کو آگے لے جانے کے لئے ایسی سپرٹ کی ضرورت ہے۔ اگر ہم ملک و قوم کی بہتری کے لئے مل کر کام کرسکیں تو یہ اچھی بات ہے۔ ہم کئی خطرات میں گھرے ہوئے ہیں‘ ہمیں میثاق معیشت کرنا چاہیے تاکہ طویل مدتی پالیسیوں میں تسلسل برقرار رہے۔ اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جارہے ہیں‘ ہمیں میثاق تعلیم‘ نظم و نسق کے مسائل کے حل کے لئے بھی مل کر کام کرنا چاہیے۔ ہمیں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف مشترکہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ اس حوالے سے مشترکہ قرارداد پیش کرنی چاہیے کہ ملک لوٹنے والوں کو معافی نہیں ملے گی۔