وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

70

اسلام آباد ۔ 13 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن میں بات چیت ہوتی رہتی ہے،قومی معاملات میں مل کر چلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ،کرپشن کے معاملہ پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوچکا ہے، پیر کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کا گراف نیچے آنا مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوںنے کہا کہ جہاںہم قومی معاملات میں متحد ہوتے ہیں اس کو اجاگر کرنا چاہیے ۔شفقت محمود نے کہا کہ این سی او سی تمام صوبوں کی مشاورت سے فیصلہ کرتا ہے جس میں تمام ادارے اور سیاسستدان شرکت کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم آئین کے ساتھ کھڑے ہیں جو تمام شہریوں کو یکساں حقوق فراہم کرتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ کورنا وائرس کا گراف نیچے آرہا ہے ۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تعلیم کے شعبہ کی بہتری کے لئے اقدامات کئے گئے ،گزشتہ برس ملکی تاریخ میں یونیورسٹیوںکے لئے ترقیاتی اخراجات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ۔ غیر ملکی فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن میں طلبی کے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا دامن صاف ہے دیگر جماعتوںکو حساب دیناہوگا۔