واشنگٹن ڈی سی۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے چین کے نائب وزیر خزانہ لیاؤ من سے ملاقات کی۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان اور چین کے درمیان تمام موسموں پر محیط دو طرفہ دوستی اور شراکت داری کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور آئی ایم ایف کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے حصول میں چین کی غیر متزلزل حمایت پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان چینی معاشی اصلاحات کے تجربے سے سیکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرانے کے لیے BYD کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی مارکیٹ میں پہلا پانڈا بانڈ جاری کرنے کی خواہشمند ہے تاکہ مالی وسائل کو متنوع بنایا جا سکے۔ انہوں نے حکومت کی طرف سے چینی کارکنوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ زیادہ تر چینی کمپنیاں پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری بڑھانے اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے چینی حکومت سے درخواست کی کہ کرنسی سویپ معاہدے کی حد کو بڑھا کر 40 ارب چینی یوآن کیا جائے۔ دونوں فریقین نے ادائیگیوں کے آن لائن تصفیے اور دونوں ممالک کے ادائیگی کے نظام کے انضمام کی ضرورت پر زور دیا۔