اسلام آباد ۔ 28 مارچ (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ دفاعی پیداوار میں تعلقات بڑھانے پر رضا مند ہیں۔ یہ بات وفاقی وزیر نے جنوبی افریقہ کی دفاعی پیداوارکی وزیر ماپیسا نکولا اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔منگل کو ہونے والی ملاقات میں معیشت ،سرمایہ کاری اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں وسیع تر دو طرفہ باہمی تعلقات کو زیر بحث لایا گیا ۔سیکرٹری دفاعی پیداوار اور وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور اس بات کا خواہاں ہے کہ ان تعلقات کو وسعت دی جائے ۔انہوں نے دونوں ممالک میں دفاعی تعاون کے خدوخال کو نمایاں طور پر بیان کیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی افواج اور دفاعی تعلقات ممکنہ ترقی اور نمو کے لیے ضروری ہیں اور دفاعی آلات کی مشترکہ پیداوار، دفاع، ٹیکنیکل تعاون کے مشترکہ کمیشن کی تشکیل پر معاملات آگے بڑھا سکتے ہیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=48153