اسلام آباد ۔ 14 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے ہری پور میں این آر ٹی سی کا دورہ کیا جہاں انہیںادارے کی کارکردگی اور اس میں تیار ہونے والے جدید مواصلاتی نظام پر بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) میں جدید مواصلاتی اور سکیورٹی کا نظام ملکی وسائل میں رہ کر تیار کیا جا رہا ہے۔ این آر ٹی سی کے ایم ڈی کے مطابق بین الاقوامی معیار کے آلات کی ملکی سطح پر تیاری سے نہ صرف کثیر زرمبادلہ کی بچت ہو رہی ہے بلکہ ان کی درآمد سے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر کو فائبر آپٹکس، شمسی توانائی اور سافٹ ویئر کے شعبے میں مزید اپ گریڈیشن پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ ہماری موجودہ دفاعی صنعت معیاری اور کم لاگت کے جدید مواصلاتی آلات تیار کر رہی ہیں جو نہ صرف ملکی ضروریات کو پورا کر رہی ہیں بلکہ ملکی درآمدات میں بھی اضافہ کر رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے ادارے میں ریسرچ اور ڈیویلیپمنٹ کے ذریعے مصنوعات میں مزید بہتری لانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے این آر ٹی سی میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کیا۔