راولپنڈی۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ جمعرات کو وزارت دفاعی پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمہوریہ ازبکستان کے سفیر علی شیر توقتایف نے وفاقی وزیر محمد رضا حیات ہراج سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفاقی وزیر نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ازبک سفیر نے پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں خصوصاً دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
فریقین نے دفاعی صنعت کے میدان میں مشترکہ منصوبوں کے امکانات تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے باہمی مشاورت سے "دفاعی صنعتی تعاون کا روڈ میپ” تشکیل دینے پر اتفاق کیا جس پر اگست 2025ء میں تاشقند، ازبکستان میں ہونے والے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔