وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی زیر صدارت ٹاسک فورس کا اجلاس، صحافیوں کو بریفنگ

199

کراچی۔ 11 مئی (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی زیر صدارت ٹاسک فورس کا اجلاس ہفتہ کو جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ٹاسک فورس پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمان، بین القوامی مرکز کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری اور مختلف سائنسی علوم سے متعلق ماہرین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹاسک فورس علم پر مبنی معیشت کے قیام کے لئے مختلف منصوبوں پر غور و فکر کیا گیا۔ بعدازاں ٹاسک فورس اور وفاقی وزیر نے میڈیاکو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ابھی بہت کام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پسند ہوں یا نہ پسند لیڈر عمران خان ہی ہیں، اپوزیشن کو چاہیئے گزارا کرنا سیکھیں اور اپنے رویہ پر نظر ثانی کریں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کو تعاون کرنا چاہیئے اور کم از کم پانچ سال انتظار کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، اب وہ قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی پینک نہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاند دیکھنے کے سلسلے میں پندرہویں روزے تک کیلنڈر بن جائیگا۔ فواد چودھری نے کہا کہ 15ویں روزے تک قمری کیلنڈر بن جائے گا اور ایک ویب سائٹ بھی بنارہے ہیں جس پر کلک کر کے چاند بھی دیکھا جا سکے گا تاہم یہ فیصلہ شہریوں کو کرنا ہے کہ وہ جدید سمت پر چلنا چاہتے ہیں یا روایتی طریقے پر ہی چلنا چاہتے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ سندھ حکومت، (ن) لیگ اور مولانا فضل الرحمان سے کوئی اختلاف نہیں وہ کہتے ہیں این آر او ہم کہتے ہیں نہ رو، اپوزیشن چاہتی ہے ان کے خلاف کیس نہ چلائے جائیں لیکن لوٹا ہوا پیسہ کسی کے باپ کا نہیں جو چھوڑ دیں، مگر مچھ کے آنسو دیکھنے ہوں تو بلاول ،خواجہ آصف کے بیان دیکھیں، ان میں اخلاقی قدریں ہوتیں تو یہ 4،3 سال معیشت پر بات ہی نہ کرتے، ایسے ٹسوے بہا رہے ہیں کہ جیسے پاکستان کی معیشت سے کوئی تعلق نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ معیشیت کا جوحال ہے وہ اپوزیشن نے ہی کیا، ہمیں معیشت نیچے ملی اس کو اوپر لے کر جائیں گے، ہمارا چیلنج گورننس اور معیشت کا ہے، معیشت کو پاﺅں پر کھڑا کریں گے، آئی ایم ایف سے بھی معاملات طے پانے میں چند دن لگیں گے۔ قبل ازیںوفاقی وزیر فواد چوہدری نے جامعہ کراچی کا پنجوانی سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ جامعہ کراچی آمد پر وفاقی وزیر کا استقبال ڈاریکٹر آئی سی سی بی ایس پروفیسر ڈاکٹر اقبال چودھری نے کیا۔