وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں این آئی ایم پی بل سینیٹ نے منظور کرلیا

94

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں 1997ء سے زیر التوا نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (این آئی ایم پی) بل جمعہ کو سینیٹ نے منظور کرلیا۔

مذکورہ بل قومی اسمبلی نے 13 جنوری 2022ء کو منظور کیا تھا۔نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان میٹرولوجی کے بنیادی ڈھانچے کے قیام کے لیے ایک اعلیٰ ادارے کے طور پر کام کرے گا تاکہ بین الاقوامی تقاضوں اور معیار کی یقین دہانی کے طریقوں کے مطابق ایک متحد اور مربوط قومی پیمائش کے نظام کو لاگو کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا”صارفین کے حقوق کا تحفظ اور اس بات کو یقینی بنانا وقت کی ضرورت ہے کہ مصنوعات اور خدمات کا معیار ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن ( ڈبلیو ٹی او) کے تجارتی شراکت داروں کے ریگولیٹری تقاضوں کو پورا کرے، یہ پاکستان کے لئے بہتر مارکیٹ تک رسائی کی راہ ہموار کرے گا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ نیشنل میٹرولوجی انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان بل 2022ء اقوام متحدہ کی صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو)، قومی معیار کی پالیسی اور بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہے۔