اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے پی سی آر ڈبلیو آر کو اسلام آباد میں پانی کے حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ ہدایت انہوں نے بدھ کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ملک میں پانی سے متعلق امور کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ چیئرمین پی سی آر ڈبلیو آر ڈاکٹر محمد اشرف ، ممبر آئی آر ایس اے اسجد امتیاز ، ممبر آئی آر ایس اے زاہد عباس اور ڈائیریکٹر آئی ڈبلیو ایم آئی ڈاکٹر عارف انور نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، آئی ڈبلیو ایم آئی کے تعاون سے ملک میں پانی سے متعلق چیلنجوں پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کرے گی۔جس کے بعد ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کانفرنسوں کا انعقاد پی سی آر ڈبلیو آر کے مینڈیٹ کے تحت ہو گا۔ان کانفرنسوں کا مقصد پانی سے متعلق امور و موجودہ علم کا جائزہ اور پانی کے شعبے میں مستقبل میں ہونے والی سرمایہ کاری کے لئے ایک تحقیقی ایجنڈا تیار کرنا ہوگا۔
شبلی فراز نے کہا کہ زمینی اور سطح کے پانی کی مینجمنٹ انتہائی اہم امور ہیں ، پی سی آر ڈبلیو آر کو ان معاملات پر مزید تحقیق کرنی چاہئے۔پی سی آر ڈبلیو آر کو ایک ڈیٹا ریپازیٹری بنانی چاہیے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحقیق کو عملی اقدامات میں ڈھالا جانا چاہئے تاکہ اس سے ملکی ترقی کے لئے استعمال میں لایا جائے۔