اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نئے نقشہ کی تمام سیاسی جماعتوں نے حمایت کی ہے ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو اپوزیشن کی جانب سے کوئی بڑا چیلنج درپیش نہیں ،بلاول بھٹو پی پی پی کو اندرون سندھ کی پارٹی بنا رہے ہیں۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم 5 اگست کے بھارتی اقدام کو مسترد کرتے ہیں اقوام متحدہ کو کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانا چاہیے انہوں نے کہا کہ کشمیر پر تین جنگیں ہو چکی ہیں ہم نے کشمیر سمیت سر کریک پر بھی اپنا موءقف واضح کر دیا ہے ،ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے کشمیر پر متفقہ فیصلہ دیا ہے اور نئے نقشہ کی حمایت کی ہے جس پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی پاکستان نے بھارتی اقدام کا منہ توڑ جواب دیا ملک کی سیاسی صورتحال کے متعلق انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو ایم کیو ایم اور دیگر سیاسی جماعتوں کا چیلنج درپیش ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن میں اندرونی سطح پر اختلافات عروج پر ہیں جس کے بہت سے ارکان بھی کرپشن کیسز میں ملوث ہیں انہوں نے کہا کہ نیب قوانین سے متعلق ن لیگ کی مخصوص تجاویز تھیں۔