اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن رہنماوں سے نیشنل ایشوز، گڈ گورننس اور انتخابی اصلاحات پر بات کرنے کی دعوت دی ہے، وزیراعظم عمران خان کی اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت کا یہ مطلب نہیں کہ نیب کے بدعنوانی بارے قوانین یا اپوزیشن کے احتساب پر سمجھوتہ ہوگا۔
بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو ہر جگہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، پی ڈی ایم کی سیاست اختتام کو پہنچی ہے ، مریم نواز غیر سنجیدہ سیاست کا کھیل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے نادان رہنمائوں نے حکومت گرانے کیلئے جو مہم چلائی تھی اس میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ملک کے موجودہ معاشی بحران کی ذمہ دار ہیں۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک اور قوم کے بہترین مفاد میں بڑے فیصلہ کر رہے ہیں لیکن اپوزیشن جماعتیں اسے یو ٹرن کہتی ہیں، نواز شریف کے خلاف کرپشن کے مقدمات میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی ، پی ٹی آئی حکومت عوام کو مایوس نہیں کرے گی ۔