چنیوٹ۔31 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، متاثرین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کا اعلان کیا ۔وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے گا، وفاقی و صوبائی حکومتیں مسلسل رابطے میں ہیں، قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وہ ہفتہ کے روز چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر متاثرہ افراد اپنے رشتہ داروں یا جاننے والوں کے پاس مقیم ہیں، تاہم ان کی واپسی کے بعد انتظامیہ کے ساتھ مل کر مکمل بحالی کا عمل شروع کیا جائے گا قیصر احمد شیخ نے کہا کہ اگرچہ فصلوں کو نقصان ایک قدرتی آفت ہے تاہم آئندہ سیزن میں اس کا ازالہ کیا جائے گا اور کاشتکاروں کو زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی سطح پر امدادی پیکج پر غور جاری ہے، صورتحال کا تفصیلی تجزیہ کر کے کابینہ میں ڈسکس کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرین تک ریلیف پہنچایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس بار انتظامیہ کی بروقت کارروائیوں اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کی کوآرڈینیشن کے باعث بڑے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں بھی ڈیمز کی تعمیر پر زور دیا ہے۔ ہمارے پاس وافر پانی موجود ہے، اگر اسے محفوظ نہ کیا جائے تو یہ ضائع ہو کر نقصان کا باعث بنتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ چنیوٹ سمیت دیگر مقامات پر ڈیمز اور ذخائر کی تعمیر کے حوالے سے سنجیدگی سے پیش رفت کی جائے تاکہ مستقبل میں آفات کے اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔