اسلام آباد ۔ 25 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوارحماد اظہر نے کہا ہے کہ قانون سب کے لئے یکساں ہے اور سب کا بلا امیتاز احتساب ہونا چاہیے ، ماضی میں بجلی کے مہنگے معاہدے کئے گئے ،ملکی مفاد میں آئی پی پیز معاہدوں پر دوبارہ بات چیت ہو سکتی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ میں کمی کی وجہ سابقہ دور کی معاشی تنرلی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی واپسی کے لئے برطانوی حکومت سے بات کی جائے گی ،دونوں ممالک ایک دوسرے کی عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے نواز شریف کی ضمانت دی تھی ان سے پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔ حماد اظہر نے کہا کہ اینٹی منی لانڈرنگ بل کے حوالہ سے اپوزیشن کہتی ہے کہ نیب کو اس سے باہر کر دیا جائے جو احتساب کے عمل کو کمزور کرنے کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خود کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے ہمارے دور میں چینی سکینڈل سامنے آیا تو اس کی تحقیقات کی گئیں اور کمیشن کی رپورٹ کو عیاں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال میں چینی پر اڑھائی ارب روپے کی سبسڈی دی گئی جس کی ہم نے انکوائری کرائی جبکہ گزشتہ دور میں 27 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی اور اس کی کوئی انکوائری نہیں ہوئی ۔ انہو ںنے کہا کہ ہم قانون سے ہٹ کر کوئی کام نہیں کریں گے اور کسی کو نہیں نوازیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عدل و انصاف کی بات ہو تو وزیراعظم کے سامنے کوئی دوست نہیں ، قانون سب کے لئے برابر ہے ،بد عنوانی میں ملوث عناصر کا بلا امتیاز احتساب ہوگا۔