وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود کا یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کا اچانک دورہ

167
ڈالر کی قیمت میں کمی کے پیش نظر مینوفیکچررز سے گاڑیوں کی قیمتیں کم کرنے کا کہا ہے، ہائبرڈ اور الیکٹرک گاڑیوں میں سرمایہ کاری کی کوششیں قابل تعریف ہیں ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار مخدوم مرتضیٰ محمود نے منگل کو یہاں یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن(یوایس سی) کے اچانک دورے کے دوران وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت معاشرے کے پسماندہ طبقے کو رعایتی نرخوں پر فراہم کی جانے والی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا معائنہ کیا۔وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار افتخار شلوانی، منیجنگ ڈائریکٹر یو ایس سی سید طحہٰ عزیز مگرابی اور یو ایس سی کے دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ وفاقی وزیر نے حیات آباد میں یو ایس سی کے مختلف آئوٹ لیٹس کا دورہ کیا اور وہاں پر رعایتی نرخوں پر آٹے، چینی، دالوں اور گھی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔اس موقع پروفاقی وزیر نے صارفین سے ملاقات کی اور ان سے اشیاءکی قیمتوں اور معیار کے بارے میں دریافت کیا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا میں وزیراعظم کے رمضان ریلیف پیکیج کے نفاذ میں یو ایس سی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج کا مقصد مہنگائی سے متاثرہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تاریخی پیکیج کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بعد ان کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے زبردست ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے آٹا، گھی، دالوں اور چینی کی سپلائی میں اضافہ کیا ہے تاکہ رمضان کے آخری عشرہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کو سہولیات دی جاسکیں منیجنگ ڈائریکٹریوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن سید طحہٰ عزیز نے کہا کہ وزیراعظم کے تاریخی رمضان ریلیف پیکیج سے اب تک 10 ملین سے زائد غریب خاندان مستفید ہو چکے ہیں۔

وزیر اعظم کے پیکیج سے پہلے یوٹیلیٹی اسٹور پر 10 کلو آٹے کا تھیلا 475 روپے میں فروخت ہوتا تھا جبکہ آج یہ 400 روپے میں دستیاب ہے، جس میں کے پی میں غریب اور پسماندہ لوگوں کے لیے 75 روپے کی رعایت ہے۔اسی طرح رمضان المبارک کے دوران 20 کلو آٹے کی بوری 800 روپے میں فروخت ہو رہی ہے جو ماہ مقدس سے قبل 950 روپے میں فروخت ہو رہی تھی جس سے نچلے ومتوسط طبقے کے صارفین کو 150 روپے کا ریلیف مل رہا ہے اسی طرح ایک کلو چینی کا تھیلا رمضان سے پہلے 85 روپے کے مقابلے میں فی الحال 70 روپے میں دستیاب ہے۔

ایم ڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں 35 اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں 15 موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز بھی رمضان میں کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر صنعت مخدوم مرتضیٰ محمودنے کہا کہ معاشی ترقی کےلئے سیاسی استحکام ناگزیر ہے موجودہ حکومت کسی کے ساتھ سیاسی محاذ آرائی میں ملوث ہونے کی بجائے اپنے عوام کی ترقی اور خوشحالی پر توجہ دے رہی ہے ۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے احتجاجی کال کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک سیاسی اشتعال انگیزی اور نفرت پر مبنی سیاست کا متحمل نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان صوبے میں پی ٹی آئی کے 9 سالہ دور حکومت کے باوجود خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں، انہوں نے نہ تو عام آدمی کے لیے 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ پورا کیا اور نہ ہی ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دیں۔

مرتضیٰ محمود نے کہا کہ عمران خان نے تبدیلی اور مذہب کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا اور اب ایک بار پھر اپنی حکومت گرانے کے پیچھے غیر ملکی سازش کی بے بنیاد بیانیہ پر عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی غیر ملکی سازش کے بے بنیاد بیانیے کو قومی سلامتی کونسل نے دو بار مسترد کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ آنے والے ان کے وفادار ہیں جبکہ ان کے نقطہ نظر کی مخالفت کرنے والے غدار کہلاتے ہیں، عمران خان کو 2023 کے عام انتخابات میں عوام کے غصے کا سامنا کرنا پڑے گا۔