اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ وتحقیق رانا تنویر حسین سے بی جی آئی جینومکس گروپ (ساؤ تھ ایشیا) کے وفد نے ڈاکٹر وانگ جیانگ کی قیادت میں ملاقات کی ۔بدھ کو ہونے والی ملاقات میں فوڈ سکیورٹی ،جینومیکس اور زرعی شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دو طرفہ تعاون اور تحقیق نا گزیر ہے ،بی جی آئی کے ساتھ مل کر جدید جینیاتی ٹیکنالوجی کے فروغ سے پیدا وار میں اضافہ ہو گا اور فصلوں کو موسمی تغیرات سے محفوظ بنایا جا سکے گا ۔انہوں نے کہا کہ بی جی آئی کے ساتھ تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے خواہاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہے ،موجودہ حکومت اس شعبے کی ترقی اور بہتری کے موثر حکمت کے تحت کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحقیقی سرگرمیوں کے نتائج اور جدید ٹیکنالوجی کسانوں کی دہلیز تک پہنچا کر نہ صرف پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے بلکہ غربت میں بھی نمایاں کمی آ سکتی ہے ۔انہوں نے بی جی آئی اور دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر زرعی شعبے کی ترقی آور بہتری کے لئے پر عزم ہیں ۔انہوں نے بی جی آئی گروپ کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ دو طرفہ تعاون کے فروغ سے زرعی شعبے میں جدت آئے گی ۔