وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

69

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہمیں کئی محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، ہم اپنے عزم اور حوصلے کی مدد سے ہی اس صورتحال سے خود کو نکال سکتے ہیں، ہم قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور ہر پاکستانی کے لیے انصاف تک رسائی کو تیز تر اور سستا بنانے کے لیے دن رات سخت محنت کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اس دن کی یاد مناتے ہیں ،جب برصغیر کے مسلمانوں نے برسوں کی غلامی سے خود کو آزاد کرانے کا عہد کیا تھا، اس خاص دن پر ہمارے آباؤ اجداد نے قائداعظم محمد علی جناح کی رہنمائی میں بالآخر عہد کیا کہ انہیں آنے والی نسلوں کے لئے اپنا ایک آزاد وطن حاصل کرنا ہے، ایک ایسا وطن جس کی حکومت اللہ تعالیٰ کے احکامات اور پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺکی تعلیمات پر ہو،23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ تھا، ایک آزاد مسلم وطن کے تصور کو عملی شکل دینے میں صرف سات سال لگے اور بالآخر 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر ابھرا، علیحدہ وطن حاصل کرنے کے لیے برصغیر کے مسلمانوں نے انمول اور لازوال قربانیاں پیش کیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن مسلمانوں کے علیحدہ وطن حاصل کرنے کے عزم اور ہمت کی یاد دلاتا ہے، آج ہمیں کئی محاذوں پر چیلنجز کا سامنا ہے، ہم اپنے عزم اور حوصلے کی مدد سے ہی اس صورتحال سے خود کو نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور ہر پاکستانی کے لیے انصاف تک رسائی کو تیز تر اور سستا بنانے کے لیے دن رات سخت محنت کر رہے ہیں، بہت سی قانون سازی کر دی گئی ہے اور اب اس پر عملدرآمد کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، ہم نے اپنے لئے جو اہداف مقرر کیے ہیں ان کو حاصل کرنے کے لئے ہم پرعزم ہیں اور ایک دن ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔