اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ محض ایک پروگرام نہیں بلکہ قومی مشن ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پولیو ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے اجلاس کے دوران کیا ۔اجلاس میں پولیو کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور آئندہ حکمت عملی پر غور کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف ہماری جدوجہد میں قیمتی جانوں کی قربانیاں شامل ہیں، پاکستان پولیو فری بنانے کے لیے ہماری سیاسی اور عملی وابستگی غیر متزلزل ہے۔
سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ معمول کی ویکسینیشن کو مضبوط بنانا ہماری بنیادی ترجیح ہے، وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے لیے پیشہ ور ڈی جی کی تقرری کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی و سماجی رہنمائوں کی مدد سے انکاری کیسز میں کمی آ رہی ہے،
پولیو کے خلاف ہماری حکمت عملی جارحانہ اور سائنسی شواہد پر مبنی ہے، جنوبی خیبرپختونخوا میں رسائی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صوبائی سطح پر مربوط اقدامات جاری ہیں، پاک افغان سرحدی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے جلد کابل کا دورہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔