36.6 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر کیانی کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر...

وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر کیانی کی پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 20 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر کیانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی قیادت کو کرپشن کی وجہ سے پوری دنیا جانتی ہے، جب یہ لوگ گرفت میں آنے لگتے ہیں تو ان کو جمہوریت اور اتحاد یاد آجاتا ہے،حکومت ادویات کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہی،حکومت میں کرپٹ لوگوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر کیانی نے کہا کہ نواز شریف نے جب ووٹ کو عزت دینے کی مہم شروع کی تو عوام سڑکوں پر نہیں نکلے، اب اگر عدالت سے نواز شریف کے خلاف فیصلہ آیا تو بھی کوئی ان کیلئے سڑکوں پر نہیں نکلے گا، جب ادارے نواز شریف اور آصف زرداری پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے اور دونوں کو اتحاد یاد آجاتا ہے، مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کی قیادت کو پوری دنیا جانتی ہے اور دونوں کرپشن کے حوالے سے شہرت یافتہ ہیں، ان دونوں کے اکٹھے ہونے سے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ادویات کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ناقص ادویات فروخت کرنے پر190مقدمات درج ہوئے جبکہ2600انکوائریاں ہوئی ہیں۔ادویات کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عامر کیانی نے کہا کہ موجودہ حکومت میں کرپٹ لوگوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے، حکومت ایمانداری کے ساتھ ملکی امور چلانے کیلئے کوشاں ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=126937

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں