وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام کی زیر صدارت نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کا اجلاس

94

اسلام آباد ۔ 7 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہاہے کہ ابھی ہمیں بھارت سے ٹڈی دل کے حملے کا سامنا ہے۔ جمعہ کو وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام کی زیر صدارت نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کا اجلاس ہوا۔لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز کوآرڈینیٹر این ایل سی سی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 4815400 ہیکٹر رقبہ پر سروے کیا گیا ہے ، 1093400 ہیکٹر پر انسداد ٹڈی دل آپریشن کیا جاچکا ہے۔ ایف اے او نے ٹڈی دل سے متعلق پیشن گوئی شیئر کی۔جنوب مغربی ایشیائ، ایران میں صورتحال میں بہتری آئی ہے تاہم بھارت پاکستان سرحد کے دونوں اطراف صورتحال سنگین بنی ہوئی ہے۔ اگست میں کافی ہیچنگ اور بینڈ تشکیل کی توقع کی جارہی ہے۔ سپارکو کے مطابق ادارہ ٹڈیوں سے متاثرہ علاقوں کی نشاندہی، سروے اور کنٹرول آپریشن میں مدد کر رہا ہے۔ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) نے این ایل سی سی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ پنجاب نے بتایا کہ 14,583,148 ہیکٹر کا سروے کیا گیا ہے اور 458,960 ہیکٹر میں آپریشن کیا گیا ہے۔ چولستان میں تازہ ترین آپریشن کیا گیا ہے۔ بلوچستان نے بتایا کہ 15,932,993 ہیکٹر پر سروے کیا گیا اور 472,487 ہیکٹر میں آپریشن کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا نے بتایا کہ 8,052,726 ہیکٹر پر سروے کیا گیا اور 62535 ہیکٹر میں آپریشن کیا گیا ہے۔ سندھ نے بتایا کہ 9,460,053 ہیکٹر پر سروے کیا گیا اور 101,168 ہیکٹر میں آپریشن کیا گیا ہے۔