وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، زرعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا

163
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات، زرعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیراوعلو نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے سٹریٹجک اکنامک فریم ورک (ایس ایس ایف ) کے تحت شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور زرعی تجارت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کی اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات، جیسے چاول، گندم، آم اور خشک میوہ جات کی فراہمی کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے ترکیہ کو ان مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔ ملاقات کے دوران زرعی تعاون اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں اضافے ،ترکیہ کے لیے چاول، گندم، آم اور مویشیوں کی مصنوعات جیسی معیاری اشیاء کی برآمد بڑھانے، زرعی میکانائزیشن، آبی زراعت اور جدید آبپاشی نظام کے مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے منصوبوں سمیت بین الاقوامی (صحت اور نباتاتی معیار) معیار پر عملدرآمد کے ذریعے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں زراعت اور مویشیوں کے شعبے میں ترکیہ کی سرمایہ کاری کے لیے ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے زرعی پیداوار اور تجارت کو بہتر بنانے کے لیے ایک عملی منصوبہ تیار کرنے پر اتفاق کیا۔

ترک سفیرعرفان نذیراوعلو نے پاکستان کی اعلیٰ معیار کی زرعی مصنوعات کو سراہتے ہوئے زراعت اور مویشیوں کے شعبے میں معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے پاکستان کے زرعی شعبے کی مکمل صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا جس سے دونوں ممالک کے لیے معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔