اسلام آباد۔11فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کورین وفد کے ساتھ ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
منگل کو ہونے والی ملاقات کے دوران زرعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔ دونوں ممالک نے زرعی ٹیکنالوجی، جانوروں کی افزائش نسل اور پائیدار زراعت میں اشتراک کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کوریا پروگرام برائے بین الاقوامی زراعت (کوپیا) کے تحت جاری منصوبوں پر غور کیا گیا۔
یہ منصوبے تصدیق شدہ بیج کی پیداوار، جدید چارہ سازی اور زرعی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کے ذریعے پاکستان کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مدد دے رہے ہیں۔ اس موقع پر جانوروں کی افزائش نسل کے نئے منصوبے پر بھی گفتگو کی گئی جس کا مقصد ملک میں دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کوریا کی جدید زرعی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہتا ہے تاکہ زرعی پیداوار میں بہتری اور پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زراعت پاکستان کی معیشت میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے اور وزیر اعظم شہباز شریف زرعی شعبے کی ترقی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
کورین وفد نے پاکستان کو مئی 2025 میں اے ایف اے سی آئی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جو زرعی تحقیق اور تعاون کے مزید مواقع فراہم کرے گا۔ وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق زرعی شعبے کی بہتری کے لئے پُرعزم ہے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی تاکہ پائیدار زرعی ترقی اور غذائی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔