وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سیّد جمال شاہ کا ادارہ فروغ قومی زبان کا دورہ

168
Caretaker Federal Minister Jamal Shah
Caretaker Federal Minister Jamal Shah

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت سیّد جمال شاہ اور وفاقی سیکریٹری حمیرا احمد نے ادارہ فروغ قومی زبان کا پہلادورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر اور ادارے کے سینئر رفقانے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اورانھیں ادارہ فروغ قومی زبان میں خوش آمدید کہا۔ ادارے کے کمیٹی روم میں ہونے والی اس نشست میں ڈائریکٹر جنرل نے انھیں ادارے کی موجودہ کارکردگی اور آئندہ ہونے والے منصوبوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر سیّد جمال شاہ نے ادارہ فروغ قومی زبان کے اردو کے علمی و تحقیقی کاموں کو سراہا ۔ انھوں نے کہا کہ اردو کے ساتھ ساتھ پاکستان کی دیگر زبانیں بھی اہم ہیں اور ان کی طرف توجہ دینے سے اردو کو بھی تقویت ملے گی۔انھوں نے کہا کہ تمام پاکستانی زبانوں کے الفاظ اردو میں موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں بچوں کے ادب پر کام نہ ہونے کے برابر ہے۔ بچوں کے ادب کے حوالے سے ڈویژن کے ماتحت تمام اداروں کے تعاون سے مشترکہ بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کریں گے۔انھوں نے تاکید کی کہ ادارہ فروغ قومی زبان کو بچوں کے ادب پر زیادہ توجہ کی ضرورت ہے تاکہ انھیں اردو اور پاکستانی زبانوں سے صحیح طور پر روشناس کرایا جائے۔ایسی کانفرنسیں اور پروگرام بچوں کو اپنی زبانوں ۔ ثقافت اور ادب کی طرف راغب کرنے میں مدد گارہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ ادارہ فروغ قومی زبان ملک کے دیگر علمی اداروں کے ساتھ مل کر بچوں کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کرے تاکہ بچوں کے ادب کو فروغ دیا جاسکےکیونکہ یہ کام ہماری وزارت کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے شاندار علمی وتحقیقی کام کیے ہیں جنھیں اہل علم و عوامی حلقوں نے سراہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ قومی زبان کے فروغ کے لیے ملک اور بیرون ممالک قائم جامعات کے شعبہ ہائے اردو کے ساتھ اشتراک و تعاون کو بڑھایا جائے گا۔آخر میں وفاقی وزیراور وفاقی سیکریٹری کو ادارے کی مطبوعات پیش کی گئیں۔