وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی کی عوام دوست بجٹ کی منظوری پر وزیر اعظم اور قوم کو مبارکباد

4

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت محمد اورنگزیب کھچی نے وفاقی بجٹ 2025-26 کی منظوری پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بجٹ کو ایک متوازن، عوام دوست اور کم آمدنی والے طبقے و تنخواہ دار افراد کے لیے ریلیف پر مبنی قرار دیا ہے۔جمعہ کو قومی خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی چیلنجز کے باوجود بجٹ حکومت کے اقتصادی استحکام، جامع ترقی اور سماجی انصاف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ اشرافیہ پر ٹیکس نیٹ بڑھا کر ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح میں اضافہ کو ظاہر کرتا ہے جبکہ غریب طبقے پر بوجھ کم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ مہنگائی پر قابو پانے، پائیدار ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ بجٹ زراعت، صنعت اور آئی ٹی شعبے کی ترقی کو ترجیح دیتا ہے جبکہ کمزور طبقات، خاص طور پر تنخواہ دار طبقے کے لیے ہدف پر مبنی ریلیف فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی ترجیحات ’’5 ایز‘‘ یعنی برآمدات، مساوات، خود مختاری، ماحولیات اور توانائی پر مرکوز ہیں جو ایک خوشحال اور خود کفیل پاکستان کی بنیاد رکھیں گی۔وزیر ثقافت نے وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سیکرٹری خزانہ اور چیئر مین ایف بی آر کو ایک متوازن، جامع اور اصلاحات پر مبنی بجٹ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مالی سال 2025-26 کا بجٹ عوام کی توقعات اور خواہشات پر پورا اترتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان مضبوط اتحاد قائم ہے اور بجٹ اتحادیوں کی مشاورت سے مرتب کیا گیا۔

ایک اور سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ کم آمدنی والے طبقے پر کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا گیا، حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف دینا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ ان پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں مسلسل کمی آئے گی۔وفاقی وزیر نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، صبر اور اجتماعی عزم کا مظاہرہ کریں تاکہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔