اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، جمال شاہ نے اکادمی ادبیات پاکستان ،اسلام آباد کا دورہ کیا۔ان کے ساتھ سیکرٹری ،قومی ورثہ وثقافت ڈویژن حمیرا احمد بھی موجود تھیں۔ اکادمی آمد پر جوائنٹ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن مظفر علی برکی اور اکادمی کے ڈائریکٹر /چیف ایڈیٹر محمد عاصم بٹ اور دیگر افسران نے وفاقی وزیر جمال شاہ کا پرتباک استقبال کیا اور انہیں گلدستے پیش کئے۔ اکادمی کے ڈائریکٹر/چیف ایڈیٹر نے اکادمی کے رواں ادبی اور اشاعتی منصوبوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جمال شاہ نے اکادمی کی کارکردگی کو سراہااور کہا کہ ادب کے فروغ اور ادیبوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص کر بچوں کے لوک ادب اور دیگر تمام زبانوں کے ادب کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر جمال شاہ نے کہا کہ ڈویژن کی سطح پر پاکستانی زبانوں کے ادب کو فروغ دینے کے لئے چینل کا قیام لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آڈیو کتب کے منصوبے پر کام کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نئی نسل کو اپنی زبانوں میں لکھنے کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے اکادمی کے ایوان اعزازاور اکادمی اسٹوڈیو کا بھی دورہ کیا۔ آخر میں ڈائریکٹر ؍چیف ایڈیٹر نے وفاقی وزیرجمال شاہ کو اکادمی کی مطبوعات کا سیٹ پیش کیا۔