اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے ملتان سے کراچی جانے والی ٹرین میں خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دل غم اور غصے سے بھر گیا ہے، یہ واقعہ ہمارے معاشرے اور قوم کی سوچ، شعور اور تہذیب پر ایک سوالیہ نشان ہے، عورتوں کے لئے بڑھتے ہوئے خوف و ہراس کو اب ختم ہونا چاہئے۔
منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں اس طرح کے واقعات کے خلاف قومی بیانیہ میں تضاد پیدا نہ کیا جاتا تو آج یہ واقعہ پیش نہ آتا، ہمیں معذرت خواہانہ رویہ کو ترک کرنا ہوگا۔ شیری رحمان نے کہا کہ زیادتی کو زیادتی کہنے سے ہی اس کا تدارک اور روک تھام ممکن ہوگی، معاشرے کو مجموعی طور پر عورتوں کے حوالے سے اپنی سوچ کو تبدیل کرنا ہوگا۔