وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان اور جرمن وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون اور ترقی سوینجا شولز کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

392
سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):جرمن وفاقی وزیر برائے اقتصادی تعاون اور ترقی سوینجا شولز اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کے درمیان ٹیلی فون پر پر رابطہ ہوا ہے۔ جرمن وزیر نے سیلاب کی تباہ کاریوں متاثرہ پاکستان کے لئے اپنے ملک کی جانب سے 13 ملین یورو امداد کا وعدہ کیا ۔

شیری رحمان نے جرمن وزیر کو ملک بھر میں سیلاب سے ہونے والی تباہی اور امدادی کاموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ بدھ کو وزارت ماحولیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جرمن وزیر سوینجا نے بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے ملک کی طرف سے دلی تعزیت اور گہرے افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس مشکل وقت میں جرمنی کی طرف سے پاکستان کے لیے 13 ملین یورو کی مدد کا وعدہ کیا ۔ اس موقع پر شیری رحمٰن نے انہیں بتایا کہ ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، اس سال مونسٹر مون سون کے نتیجے میں جتنی بارش ہوئی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی، 33 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہیں جبکہ ریلیف اور ریسکیو کی فراہمی خود ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرین ہائوس گیسز کے کل اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم شراکت کے باوجود، پاکستان اخراج کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ جرمن وزیر نے پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں جرمن حکومت کی جانب سے پاکستان کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

دونوں فریقین نے ‘جرمنی پاکستان کلائمیٹ انرجی انیشیٹو‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو میں ماحولیاتی تبدیلی اور توانائی کے مسائل کے خلاف جنگ میں پاکستان اور جرمنی کے تعاون کو بڑھانے پر توجہ دی گئی۔ شیری رحمان نے جرمن وزیر کی فون کال اور حمایت پر شکریہ ادا کیا اور مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔