کراچی۔ 11 اکتوبر (اے پی پی) وقاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ آئندہ سال حج کے موقع پر ہم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ولی عہد محمد بن سلمان سے گذارش کریں گے کہ ہمیں روڈ ٹو مکہ کی سہولت دی جائے، دوسرا یہ کہ اس بات پر بھی فوکس کرنا ہے کہ اپنے حجاج کی بہتر سے بہتر تربیت کریں جتنی اچھی تربیت ہو گی ہمارے لیے فریضہ حج اتنا آسان ہو گا، ہم ملائشیا اور انڈونیشیا کی حج پالیسی پر غور کر رہے ہیں اور اس تجویز پر بھی غور کر رہے ہیں کہ ایک حاجی دوبارہ تین سال یا پانچ سال کے بعد فریضہ حج کے لیے جا سکے۔ نیو حاجی کیمپ ڈائریکٹوریٹ میں جمعہ کو حج مشاورتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سعودی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گذشتہ ایک سال سے مجھے سعودی آفیشلز کے ساتھ معاملات طے کرنے کا موقع ملا، میں نے محسوس کیا کہ وہ زائرین حج کو کسی قسم کی بھی تکلیف نہیں دینا چاہتے اور ان کی مکمل توجہ اسی طرف رہتی ہے، ہماری کوشش ہو گی کہ آپ کی جانب سے بھیجی جانے والی تجاویز کی روشنی میں حج پالیسی کو ترتیب دیں اور انہیں پیش نظر رکھیں، باقی حج ایک بڑا مذہبی فریضہ ہے یہ تا قیامت جاری رہے گا اس میں ہر سال نئے مسائل سامنے آتے ہیں اور نئے تجربات بھی، کوشش رہے گی کہ ان تجربات سے استفادہ حاصل کرتے رہیں اور اس فریضے کی ادائیگی کے لیے جانے والے زائرین کو کوئی دقت پیش نہ آئے۔