
اسلام آباد ۔ 22 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے کہاہے کہ فرانس پاکستان کا ایک اہم ترقیاتی پارٹنر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان میں فرانس کے سفیر مارک بریٹی سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے ان سے اے ایف ڈی کے کنٹری ڈائریکٹر جیکی ایمپرو کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع فراہم کرتا ہے اور اس ضمن میں فرانس دونوں ملکوں کے باہمی فائدے کے لئے سرمایہ کاری کے مزید مواقع تلاش کرنے پر غور کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ فرانس شمسی توانائی کی پیداوار میں مہارت رکھتا ہے اور وہ پاکستان میں اس شعبے میں ممکنہ مواقع کے پیش نظر سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں سیاحتی شعبے کو فروغ دینے اور ملک میں بڑھتی ھوئءبجلی کی پیداوار کے پیش نظر ٹرانسمیشن کے نظام کی اپ گریڈیشن میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ سیکرٹری ظفر حسن نے کہا کہ موجودہ حکومت صاف توانائی کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے اور فرانس اس سلسلے میں منصوبوں کو فنانس کر سکتا ہے۔