وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کا معاشی اہداف کے حصول کے لیے اتحاد پر زور

129
Ahsan Iqbal.
Ahsan Iqbal.

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے پاکستان میں استحکام، امن اور پالیسیوں کے تسلسل کی ناگزیر ضرورت پر زور دیتے ہوئے زور دیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی اجتماعی کوششیں ملک کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے پر پی ٹی آئی کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور قومی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنے کے حوالہ سے پی ٹی آئی کی سرگرمیوں سے خبردار کیا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ’’پاکستان کی ترقی کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسی کا تسلسل بہت ضروری ہے”۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک مثبت بیانیہ کو فروغ دینے اور ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے سے، پاکستان مزید خوشحال مستقبل کی طرف بڑھ سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو ایک سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے جہاں تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں، اس اتفاق رائے کی بنیاد قانون اور آئین کے اصولوں میں ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو مضبوط بنانے کے لیے 26ویں آئینی ترمیم انتہائی اہم ہے، جس میں اہم عدلیہ اصلاحات کے ذریعے ملکی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان وسیع اتفاق رائے کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہ آئینی ترمیم کی اس اجتماعی کوشش کا مقصد عدالتی نظام میں اہم تبدیلیاں متعارف کرانا ہے، جس سے تقرری کے جامع عمل کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے ملک کے استحکام میں مسلسل مثبت کردار ادا کیا ہے۔