اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے پیر کو ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک صفحہ کی تصویر جاری کی ہے جس میں انہوں نے کہا کہ یہ صفحہ حکومت پاکستان کا لکھا ہوا نہیں، نہ ہی یہ نیب کا لکھا ہے، یہ انگلینڈ کے جج کا لکھا ہوا ہے اور صاف الفاظ میں کہتا ہے کے شریف خاندان کی چھپائی ہوئی دولت جس میں لندن کے ایون فیلڈ فلیٹ شامل ہیں ان کو ڈھونڈنے کا معاوضہ 20.5 ملین ڈالر بنتا ہے جس کا حق دار براڈشیٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ100 ملین ڈالر یعنی 16 ارب روپے کی شریف خاندان کی چھپائی ہوئی دولت ڈھونڈنے پر یہ 20 ملین معاوضہ ملا کیونکہ معاہدے کے مطابق 80 فی صد پاکستان اور 20 فی صد براڈشیٹ کو حصہ ملنا تھا۔انہوں نے کہا کہ 100 ملین ڈالر پاکستان کے عوام سے لوٹا اور اوپر 20 ملین ڈالر کا ہرجانہ کیونکہ شریف حکومت نے اثاثے واپس نہیں لئے۔